وزیراعظم نے حکومت پر عوامی عدم اعتماد کا اعتراف کر لیا:سیاسی رہنما

لاہور (خصوصی رپورٹر) سیاسی رہنماﺅں نے وزیراعظم یوسف گیلانی کے قوم سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے حکومت پر عوام کے عدم اعتماد کا اعتراف کر لیا ہے، ملک میں امن و امان تباہ ہے، معاشی تباہی کی ذمہ دار کرپشن ہے، حکمران نظام بدلنے کی بجائے بے نظیر انکم سپورٹ، وزیراعظم سپورٹ اور زرداری سپورٹ پروگرام پیش کر رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی تباہی کا سبب دہشت گردی سے زیادہ یہ ہے کہ معاشی طور پر ہم تنہا کرپشن کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ اداروں کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ استقلال پارٹی کے صدر منظور گیلانی نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم کو لالی پاپ دینے کی ناکام کوشش کی ہے۔ زرداری، نواز شریف میں اتحاد کے تحت معاملات مزید نہیں چل سکتے۔ مڈٹرم الیکشن ہی عوام کے مسائل کا حل ہیں۔