کشمیر پر مذاکرات جاری رہنے چاہئیں‘ جنگوں کا نقصان عوام کو ہوا‘ نوازشریف کا من موہن کو خط

کشمیر پر مذاکرات جاری رہنے چاہئیں‘ جنگوں کا نقصان عوام کو ہوا‘ نوازشریف کا من موہن کو خط

نئی دہلی (اے پی اے) وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے نام خصوصی خط میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کو جاری رہنا چاہئے۔ پاکستان بھارت تعلقات 1999ءکے اسی موڑ سے دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے جب سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی پاکستان آئے اور پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ دونوں ممالک میں تجارتی اور سفارتی سطح پر تعلقات میں بحالی سے ہی خطے کا امن مشروط ہے۔ ماضی میں دونوں ملکوں میں جنگوں کا نقصان دونوں ممالک کے عوام نے اٹھایا ہے، خطے میں امن کیلئے دونوں ملکوں کو محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہئے تاکہ صحیح انداز میں اپنے عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔ وزیراعظم کا خصوصی خط بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو نوازشریف کے خصوصی نمائندے شہریار خان نے بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پہنچایا۔ اپنے خط میں نواز شریف نے منموہن سنگھ کیلئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کرنے کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے خط میں پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کا اعادہ کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے بھی پاکستانی قیادت کیلئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن اور سیکرٹری خارجہ رانجن متھائی بھی موجود تھے۔ شہریار خان بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے بھی ملاقات کریں گے۔
نوازشریف / منموہن خط