شہباز شریف کی ملاقات‘ چینی کمپنی نندی پور پاور منصوبے پر دوبارہ کام کرنے پر رضامند

شہباز شریف کی ملاقات‘ چینی کمپنی نندی پور پاور منصوبے پر دوبارہ کام کرنے پر رضامند

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ملاقات کے بعد چین کی ڈونگ فونگ الیکٹرسٹی کمپنی نندی پور پاور پراجیکٹ پر دوبارہ کام کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف اور چین کی ڈونگ فونگ الیکٹرسٹی کمپنی کے چیئرمین مسٹر سی زی فو اور دیگر عہدیداروں کے درمیان بیجنگ میں طویل ملاقات ہوئی جس میں ڈونگ فونگ الیکٹرسٹی کمپنی نے نندی پور پاور پراجیکٹ پر دوبارہ کام شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ چینی کمپنی نے بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ طویل ملاقات کے بعد آئندہ پیر کو اپنے انجینئر پاکستان پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 450میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کی طرف سے پراجیکٹ کو غیرمعمولی تاخیر کا شکار کرنے پر چینی ماہرین واپس چلے گئے تھے اورکراچی پورٹ پر کروڑوں روپے کی مشینری ضائع ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف پراجیکٹ کی تباہی پر سابقہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ چیئرمین ڈونگ فونگ الیکٹرسٹی کمپنی مسٹر سی زی فو نے کہاکہ میں نے جولائی2011 ءمیں صدر زرداری سے ملاقات کرکے کہہ دیا تھا کہ پراجیکٹ میں تاخیر کرکے زیادتی کی جارہی ہے جس سے دونوں اطراف کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چینی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت کو آپ پوری طرح شفاف اور پرعزم پائیں گے۔ بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، موجودہ مشکلات عارضی ہیں، بہت جلد ان پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کی میزبانی وہ خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ انفراسٹرکچر اور انرجی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔
شہبازشریف/ چینی کمپنی