تنظیم سے لاحق خطرات بڑھ گئے ، دنیا بھر سے 34 گروپوں نے داعش سے اتحاد کا وعدہ کرلیا: بانکی مون
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے 34گروپوں نے گزشتہ وسط دسمبر سے مبینہ طور پر داعش کے ساتھ اتحاد کا وعدہ کیا ہے اور رواں سال اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ مغرب اور مشرق افریقہ ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں داعش کے دائرہ کار میں توسیع کا اثر واضح طورپر دکھائی دے رہا ہے کیونکہ گزشتہ اٹھارہ ماہ میں تنظیم سے درپیش خطرات بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو بھی فلپائن، ازبکستان، پاکستان، لیبیا اور نائیجیریا سے سفر کرنے والے داعش سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد گروپوں کے حملوں میں اضافے سے خبردار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند گروپ عراق اور شام سے بھاری مقدار میں بڑے پیمانے پر بینک اکاﺅنٹس پر بھی اپنا قبضہ کرچکے ہیں۔