کراچی میں فوجی آپریشن نہیں ہوگا‘ وسط مدتی انتخابات نہیں ہونگے : وزیراعظم گیلانی

وزیراعظم کے طیارے سے (آن لائن) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں امن وامان کی بحالی کیلئے کسی قسم کے فوجی آپریشن کے امکان کو مسترد کر دیا ہے جبکہ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگریوں کے معاملہ پر ملک میں وسط مدتی انتخابات نہیں ہونگے، نااہل قرار پانے والے تمام اراکین پارلیمنٹ کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار میانوالی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد پاکستان ایئر فورس ون ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ سوار صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو میں کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کراچی میں جاری خون خرابے کو روکنے کیلئے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے رہنماﺅں سب کو کھلے دل و ذہن کے ساتھ مل بیٹھنا چاہئے اور مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی چاہئے جعلی ڈگریوں کے معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ سیاستدان بھی معاشرے کے دیگر طبقوں کی طرح اچھے یا برے ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے سیاستدانوں کو مورد الزام ٹھہرائے بغیر کہا کہ عدلیہ کی ذمہ داری بنتی تھی کہ جعلی ڈگری والوں کو پہلی مرتبہ ہی انتخابات میں حصہ لینے سے روکتی تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا لہٰذا ہم نے ایچ ای سی کو اجازت دیدی ہے کہ وہ آزادانہ کام کرے اور تمام بے قاعدگیوں کو آزادانہ طور پر بے نقاب کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ غلط کام کرنے والوں کے حوالے سے نرم گوشہ نہیں رکھتے تاہم وہ وسط مدتی انتخابات کی طرف سوچ رکھنے والوں کو خبردار کرتے ہیں کہ چا ہے کتنے بھی اراکین پارلیمنٹ نااہل ہو جائیں یہ کوئی معاملہ نہیں ہے ہم تمام نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائیں گے اور میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ اس معاملہ پر مڈٹرم الیکشن نہیں ہونگے۔