متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے کہتا رہا عمران اور قادری کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی : شہباز شریف

متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے کہتا رہا عمران اور قادری کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مظفرگڑھ اور ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو مالی امداد کی ادائیگی کیلئے قائم کئے گئے ادائیگی سنٹرز کے 6 گھنٹے تک اچانک دورے کئے اور سیلاب زدگان کو مالی امداد کی پہلی قسط کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ادائیگی سنٹرز میں سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد اور انتظامات کے بارے میں سیلاب زدگان سے دریافت کیا۔ متاثرین نے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ اور حکومت پنجاب کاشکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے سپورٹس کمپلیکس ملتان میں قائم کئے گئے ادائیگی سنٹر دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے موثر اقدامات اور شفاف نظام کے ذریعے متاثرین میں اربوں روپے کی مالی امداد کی تقسیم ایک انقلاب ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کا حقیقی انقلاب بھی لاکر رہیں گے۔ امدادی رقوم کا 50 فیصد حصہ پنجاب حکومت جبکہ 50 فیصد وفاقی حکومت نے فراہم کیا ہے۔ اس حوالے سے آج اتوار کو بھی ادائیگی کا عمل جاری رہیگا۔ عملے کو خصوصی بونس بھی دیا جائیگا۔ 20 اکتوبر سے متاثرین کو دوسری قسط کی ادائیگی کا آغاز کردیا جائیگا۔ جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوا ہے انہیں بھی مالی امداد دیں گے۔ عید الاضحی سیلاب متاثرین کے ساتھ منائیںگے۔ صوبائی وزرائ، منتخب نمائندے، سیکرٹریز بھی عید سیلاب زدگان کے ساتھ ہی گزاریں گے۔ میں خود بھی عیدکی نماز سیلاب متاثرہ علاقے میں ادا کروں گا۔ متاثرین کو تحائف کے ساتھ کھانا بھی دیں گے۔ دکھ درد میں مبتلا ہم وطنوں کی تکلیف بانٹنا ہی دراصل انقلاب ہے۔ میڈیا گواہ ہے میں بار بار گزارش کرتا رہا کہ عمران خان صاحب اور قادری صاحب یہ دھرنے اور سیاست چلتے رہیں گے، آئیے ہم ملکر پہلے سیلاب میں گِھرے بہن بھائیوں کی مدد کریں اور انکا ہاتھ تھامیں مگر انکے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور وہ موسیقی کی محفلوں میں سر دُھنتے رہے۔ بدقسمتی سے انہوں نے خدمت خلق اور اﷲ کو راضی کرنے کا یہ موقع ہاتھ سے کھو دیا۔ وہ ساری عمر قوم کو اس سوال کا جواب دیتے رہیں گے جب سیلاب ہمارے گھروں کی تباہیاں کررہا تھا تو عمران اور قادری نے ہمارے لئے ہمدردی کے دو لفظ بھی نہیں کہے۔ ان دھرنوں نے برادر ملک چین کے صدر کا دورہ موخر کرایا جس سے ملک کی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ،اس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریگی۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ میں متاثرین سیلاب کیلئے امدادی رقوم کی تقسیم کے سنٹرز کے دورہ میں کہا کہ جب سے سیلاب آیا ہے وزیراعظم نوازشریف، میری کابینہ، صوبائی انتظامیہ اور میں سیلاب زدگان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انکی مدد اور بحالی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جا رہا۔ ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دوران بتایا کہ مظفرگڑھ میں 12 ہزار متاثرہ خاندانوں میں سے 10 ہزار سے زائد خاندانوں کو مالی امداد کی پہلی قسط ادا کی جاچکی ہے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کا اجلاس بھی ہوا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرین کو مالی امداد کی ادائیگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سیلاب متاثرین کو انکے نقصانات کا ازالہ مہینوں نہیں دنوں میں کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی کابینہ کمیٹی کو دینے کی ہدایت کردی۔