کابینہ نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ نہیں کیا: وزیراعظم آزاد کشمیر

لاہور (خبر نگار) آزاد کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم چودھری یٰسین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور امریکہ مسلمانوں کے حوالے سے دوغلی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ پوری دنیا میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروایا جاتا ہے مگر کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔ وہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کی بھاوج کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ چودھری یٰسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کروانے سے خوفزدہ ہے۔ الیکشن نہ کرانے کیلئے ڈینگی اور امن کی صورتحال کو جواز بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دینے کے بارے میں کابینہ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن اگر بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دیا گیا تو بھی کشمیر کاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ آزاد کشمیر میں بھی مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔