مسلم لیگ ن بلدیات کے بعد پنجاب اسمبلی کا گلا کاٹنے کی سازشیں کر رہی ہے: کامل آغا

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن سے خوفزدہ مسلم لیگ (ن) بلدیاتی اداروں کے بعد پنجاب اسمبلی کا گلا کاٹنے کیلئے سازشیں کر رہی ہے، شریف برادران جمہوریت قربان کرنے کا سوچ رہے ہیں، عمران کا جلسہ مسلم لیگ (ن) کی چھیڑ بن گیا، وزیر اعلیٰ کی ٹینشن لاہوری انجوائے کر رہے ہیں، غوث بخش مہر کی سندھ میں کامیابی سے ثابت ہو گیا مسلم لیگ (ق) کی جڑیں ملک کے چپے چپے میں ہیں۔ وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ کھاد پر سیاست چمکانے والے کسانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ طوطے ترجمانوں کا گروپ سیاسی دکان چمکانے کی بجائے ٹماٹر، پیاز کی قیمتیں کنٹرول کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم آنے کے باوجود ڈینگی کا ڈنگ نکلا اور نہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جھوٹے دعوﺅں میں کمی آئی، جعلی سپرے پی کر جوان ہونے والا ڈینگی مچھر ہر روز شہریوں کو موت کی نیند سلا رہا ہے۔