گیلانی نے شہباز شریف کی ”ون ٹو ون“ ملاقات‘ این آر او پر تبادلہ خیال‘ چینی کا بحران پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے : وزیراعظم

اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ”ون ٹو ون“ ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فوری بعد وزیراعظم کے دفتر کے اندر ہوئی جو نصف گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی اس کے علاوہ دو ملاقاتیں ہوئی تھیں تاہم ان میں دوسرے افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ان میں سے پہلی ملاقات میاں شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ کی جس کے بعد باقی تینوں وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ وزیراعظم سے ملے جب کہ تیسری ملاقات”ون آن ون“ تھی اس ملاقات کے متعلق سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا ہے تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ اس میں این آر او کے معاملہ پر پیدا ہونے والی حالیہ گرما گرمی پر بات چیت ہوئی اور یہ رائے ظاہر کی گئی کہ سپریم کورٹ آف پاکستان پر اس کے مستقبل کے فیصلہ کو چھوڑ کر بہتر آپشن استعمال کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز گیس کی لوڈشیڈنگ کے معاملہ پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے بعض وزراءنے وزیر پٹرولیم نوید قمر کو تابڑ توڑ سوالات کا نشانہ بنایا۔وزیر پانی و بجلی سوالات دریافت کرنے والوں میں نمایاں رہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کے ایشو پر کافی بحث ہوئی تاہم سید نوید قمر ان کے قابو نہیں آئے۔ اجلاس کے دوران ورکنگ لنچ کیا گیا اور چائے نوشی جاری رہی۔ چینی کے معاملہ پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم ریسانی نے تجویز کیا کہ40 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے چینی کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔ اس تجویز پر اجلاس کے شرکاءکافی محظوظ ہوئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کی سنجیدگی کو کم کر کے ماحول کو تنا¶ میں کمی کے لئے مذاقاً تجویز دی تھی۔ جی این آئی کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات میں صوبہ پنجاب میں فوڈ سکیورٹی کی صورتحال‘ امن و امان کے امور سمیت اہم سیاسی معاملات زیر غور آئے۔ یوسف رضا گیلانی نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی کہ صوبے میں عوام کے جان و امال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں صوبوں کو درپیش مسائل اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے چینی کے بحران پر قابوکے لئے چاروں صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے سادگی کو شعار بنایا جائے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عام عوام محسوس کریں کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ کا بھرپور احترام کرتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں اور اتحادیوں کے تحفظات کو وزن دیتے ہوئے این آر او اسمبلی میں نہ لانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی دہشت گرد ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے درپے ہیں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ چاروں صوبوں میں عوام کو چینی کی فراہمی سے متعلق شکایات کا ازالہ ہونا چاہئے۔ لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کی مری روڈ پر سیکرٹریٹ ٹو (II) چوک سے چاندنی چوک تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ13ارب روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کیلئے لوازمات کم سے کم وقت میں مکمل کرکے تعمیری کام کے جلد آغاز کی ہدایات دی ہیں۔ وہ اسلام آباد ائرپورٹ پر ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چوہدری نثار علی خان‘ خواجہ محمد آصف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ راولپنڈی کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی اور شہر کی اس اہم شاہراہ پر ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے منصوبے کو تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے۔ اس منصوبے کے کنٹریکٹ اور تعمیر سے متعلق تمام تفصیلات اور جزیات کو جامع طریقے سے بلاتاخیر مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ایویلویشن سمیت تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کے پہلے منصوبے پر زیادہ لاگت کی وجہ سے تمام آپشنز پر غور کرنے کا مقصد عوام کے پیسے کا کفایت شعاری سے استعمال یقینی بنانا ہے تاکہ ممکنہ بچت کرکے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر خرچ کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے ترمیم شدہ منصوبے سے راولپنڈی کے ٹریفک کے کافی حد تک مسائل حل ہو سکیں گے اور عوام کو بہتر سہولت میسر آئے گی اور منصوبے کی لاگت کو مناسب بنانے پر ہونے والی بچت عوام کی ترقی کیلئے دیگر منصوبوں پر خرچ کی جا سکے گی۔
وزیراعلیٰ