اسلام آباد ہائیکورٹ سے نجم سیٹھی کو کام جاری رکھنے کی اجازت‘ اقبال قاسم سلیکشن کمیٹی تحلیل

لاہور اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر +وقائع نگار+ نوائے وقت نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کو کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے نجم سیٹھی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 90 دن کے اندر بورڈ میں انتخابات کروانے کا بھی حکم دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکا اشرف کو مزید کام کرنے سے روک دیا تھا۔ جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس دیئے کہ کورٹ صرف کھیل نہیں پوری قوم کا جذبہ ہے یہاں لوگ تین تین دن کرکٹ میچ کےلئے کھانا نہیں کھاتے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ میں ہونا چاہئے۔ دریں اثناءپاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا، دورہ زمبابوے کیلئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے قومی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کیا۔ سلیکشن کمیٹی میعاد پوری کرچکی تھی جس میں اقبال قاسم، سلیم جعفر، اظہر خان، فرخ زمان اور آصف بلوچ شامل تھے۔ نئی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے کپتان مصباح الحق اور کوچ ڈیو واٹمور نے سلیکشن کمیٹی کو 22 کھلاڑیوں کی فہرست دی تھی جس میں سے سے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا انتخاب کرنا تھا۔ فہرست میں شاہد آفریدی اور عمر اکمل کا نام شامل نہیں تھا تاہم دونوں کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سلیکشن کمیٹی لیگ سپنر عثمان قادر کو بھی ٹیم میں شامل کرنا چاہتی تھی۔ اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ ان کی مدت پوری ہو گئی ہے اور وہ مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال قاسم چیمپئنز ٹرافی میں شکست کے بعد بورڈ کے بیانات سے ناخوش تھے۔ قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اقبال قاسم کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں اقبال قاسم نے کہا میں نے کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کو بھی یہی بات کہی تھی لیکن انہوں نے مجھے جاری رکھنے کو کہا تھا تاہم اب میں نے عبوری چیئرمین سے معذرت کر لی ہے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ انہوں نے ہرممکن کوشش کی کہ وہ اپنے عہدے سے انصاف کرتے ہوئے دیانتداری اور میرٹ پر ٹیم کا انتخاب کریں۔ اس ضمن میں پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقبال قاسم کے عہدے کی میعاد 31 جولائی تک ہے۔ ذمہ داریاں چھوڑنے کے حوالہ سے ان کا فیصلہ ذاتی ہے۔
اجازت / کمیٹی تحلیل