گرینڈ الائنس قومی ضرورت ہے‘ جلد خبر سامنے آئیگی : اسحاق ڈار

لاہور (خبرنگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے گھمبیر ملکی صورتحال میں اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کیلئے رابطے ہو رہے ہیں اس حوالہ سے جلد خبر سامنے آ جائے گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات ہوئی لیکن یہ غیررسمی تھی جلد ایم کیو ایم سے رسمی ملاقات ہو گی۔ ایم کیو ایم جماعت اسلامی سمیت دیگر سے رابطے پر قومی مسائل کے ضمن میں ہیں اور موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کو مﺅثر کردار ادا کرنا ہو گا وہ گذشتہ رات لاہور ائرپورٹ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقتاً پاکستان مسائل میں الجھا ہوا ہے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہاکہ گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کا ٹارگٹ مہینوں میں نہیں ہفتوں میں پورا کر لیا جائے گا، ملکی مفاد کی خاطر ماضی کی تلخ یادیں دفن کر کے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر چلنا چاہئے۔ موجودہ حالات میں حکومت کو سالوں، مہینوں نہیں بلکہ ہفتوں میں ٹف ٹائم دینا ہو گا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ڈاکٹر فاروق ستار نے لندن روانہ ہونے سے قبل ان سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے بڑھانے اور سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا فاروق ستار ملاقات کے بعد لندن روانہ ہو گئے جہاں الطاف حسین کو تمام تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
اسحاق ڈار