گرینڈ الائنس سے کوئی خوف نہیں ایم کیو ایم والے ہمارے دوست ہیں : گیلانی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے مضبوط حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بنتے رہتے ہیں ہم اس سے خوفزدہ ہیں نہ ہی ہمیں خطرہ ہے۔ ایم کیو ایم والے ہمارے دوست ہیں وہ ہمیں نہ ہم انکو چھوڑینگے۔ جب تک اکثریت ہے حکومت کرتے رہینگے۔ امریکہ کے 235 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی تشکیل سے ہمیں خوشی ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ ماضی میں گرینڈ الائنس کی تشکیل کے نتیجے میں حکومتیں غیر مستحکم ہوتی رہیں‘ مارشل لا لگتے رہے آپ کو یہ خطرہ تو محسوس نہیں ہو رہا‘ وزیراعظم نے کہا کہ یہ گرینڈ الائنس والوں سے پوچھیں کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بھی ہمارے رابطے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صوبوں کی مرضی ہے کہ وہ بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اس سے قبل تقریب میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں طویل عرصہ سے دوست ہیں دونوں ممالک باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر شروع کئے گئے منصوبوں سے حوصلہ حاصل کرتے ہیں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔ دو دوستوں کے تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں یہ حقیقت ہے کہ ہم اب بھی پارٹنرز ہیں ہماری دوستی طاقت کی عکاسی ہے۔ پاکستان اور امریکہ دونوں نے مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے پاکستان کے عوام 2005ء کے زلزلہ میں امریکہ اور اس کے عوام کی طرف سے فوری طور پر امداد کی فراہمی کو فراموش نہیں کر سکتے پھر امریکہ نے سیلابوں میں پاکستانی عوام کی بھرپور امداد کی۔ اللہ کے فضل سے پاکستان کامیاب جمہوریت ہے۔ امریکہ اور ہمیں کئی کئی طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے‘ اس کے باوجود ہمارے عوام ان حالات سے کسی طرح بھی مایوس نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہماری جمہوری حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ”اونر شپ“ دی۔ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت سے جھٹکارا حاصل کرنے کے لئے متحد ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مستحکم بنانے کے لئے فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مضبوط طویل المیعاد دوستی مستقبل میں ایک دوسرے پر انحصار کی بہترین ضامن ہے۔ انہوں نے امریکی عوام کو مبارکباد دی۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے امریکہ کے قومی دن کے موقع پر صدر بارک اوباما کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان کے عوام اورحکومت کی طرف سے امریکی صدر اورعوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں عظیم اقوام کے درمیان امن، آزادی اور جمہوریت جیسے مضبوط رشتے موجود ہیں۔ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی امن کےلئے بامعنی کردار کے حوالے سے ملکرکام جاری رکھیں گے۔ اسکے ساتھ ساتھ پاکستان امریکہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے تحت اقتصادی ترقی اورسماجی شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور میں مشترکہ کوششوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں صدر اوباما اور تمام امریکی شہریوں کی ترقی کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔
گیلانی