صدر آصف زرداری دبئی پہنچ گئے سرکاری دورے پر کل چین روانہ ہونگے

اسلام آباد (این این آئی) صدرآصف علی زرداری نجی دورے پر دبئی پہنچ گئے، وہ چین کے 3روزہ سرکاری دورے پرکل بیجنگ روانہ ہونگے جہاں وہ چین کے صدر ہوجن تاﺅ اور وزیراعظم وین جیاباﺅ سمیت دیگرقیادت سے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور علاقائی وعالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ وہ اہم تجارتی اورکاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے ایک بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد آصف علی زرداری کا یہ پانچواں د ورہ ہوگا جو اس امر کا عکاس ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ صدر کے دورہ کے انتظامات کیلئے ان کے وفد کے بعض بیجنگ روانہ ہوگئے جن میں وزیر دفاع چوہدری احمد مختار،وزیر پٹرولیم نوید قمر، وزیر مملکت برائے آبی وسائل کمال مجیداللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ حناربانی کھر،سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر، صدارتی سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی، سفیر عمومی خلیل احمد خان چیئرمین واپڈا شکیل درانی، چیئرمین این ایچ اے چودھری الطاف احمد، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ خالد مسعود اور ترجمان شامل ہیں۔