داتا دربار سانحہ میں بیرونی ہاتھ ملوث ہو سکتاہے جلد حقائق معلوم ہو جائینگے: نواز شریف

کوئٹہ (این این آئی)صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی چیف آف جھالاوان اور مسلم لیگ ن کی سینٹرل کمیٹی کے ممبر سردار ثناءاللہ زہری نے پارٹی کے مرکزی قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کرکے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر خودکش حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی باشعور شخص ایسے حرکت نہیں کرسکتا بعض عناصر پنجاب میں امن وامان خراب کرنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے ثناءاللہ زہری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کبھی بھی پہلے کسی بھی درگاہ پر نہیں ہوئے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر جو خودکش حملہ کیا گیا ہے اس میں بیرونی ہاتھ ہوسکتا ہے اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور جلد ہی حقائق معلوم ہوجائیں گے کہ اس واقعے میں کون لوگ ملوث ہےں اور ان کے کیا مقاصد ہےں۔ ثناءاللہ زہری نے نواز شریف سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملے میں جو افراد شہید ہوئے ہیں اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور جو زخمی ہے ان کو جلد صحت یاب کریں ۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ جلد کوئٹہ کا دورہ کرینگے اور پارٹی کے ورکروں سے ملاقات کرینگے ۔