عدلیہ سے محاذ آرائی پیپلزپارٹی، جمہوریت کےلئے نقصان دہ ہے: حمید گل

لاہور (این این آئی) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی پیپلز پارٹی کی حکومت اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں‘ این آر او کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اگر حکومت ذمہ داری پوری نہیں کریگی تو اس سے جمہوریت کو بھی سخت نقصان کا خدشہ ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ پیپلز پارٹی والے سوئس مقدمات کی بحالی سے کیوں اتنے خوفزدہ ہیں انہیں چاہئے کہ وہ خود مقدمات کی بحالی کا اعلان کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ جمہوریت کو کسی اور ادارے سے نہیں اپنے غلط فیصلوں سے خطرہ ہے اور اگر این آر او پر مکمل عملدرآمد نہ کیا گیا تو جمہوریت بھی خطرات سے دو چار ہو سکتی ہے جس کی ذمہ داری پیپلز پارٹی پر عائد ہو گی۔