آپریشن ضرب عضب پراخراجات پاکستان خود برداشت کررہا ہے, اب تک 1ارب 92کروڑ ڈالر خرچ ہوچکےہیں: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ قاضی ایم خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز افغانستان میں ہونے والی علاقائی تعاون اجلاس کے سائیڈ لائنز پر افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اور افغان مشیر قومی سلامتی حنیف اتمار سے ملاقاتیں کریں گے-
قاضی ایم خلیل اللہ نے کہا کہ افغان قیادت سےہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان مخالف مہم کے خاتمے، کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کو لاحق تحفظات، افغان حکومت و افغان طالبان مذاکرات کے زریعے افغانستان میں دیرپا امن کے قیام سمیت دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی-
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب اور اس کے نتنیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی پر ابھی تک ایک عشاریہ نو دو ارب ڈالرز کی لاگت آ رہی ہے -
قاضی ایم خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ سوزن رائس کے دورہ پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ، تعلیم ،توانائی اور اقتصادیات کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی، امریکہ سے اتحادی سپورٹ فنڈ میں پاکستان کو واجب الادا فنڈز پر بات چیت جاری ہے-