زلزلہ‘ پاکستان نے ناقابل فراموش مدد کی‘ نیپالی آرمی چیف : پاک فوج کے فیلڈ ہسپتال کا دورہ

زلزلہ‘ پاکستان نے ناقابل فراموش مدد کی‘ نیپالی آرمی چیف : پاک فوج کے فیلڈ ہسپتال کا دورہ

کٹھمنڈو (نیٹ نیوز) نیپال کے آرمی چیف جنرل گورو ایس جے بی رانا نے نیپال میں گزشتہ مہینے آنے والے زلزلے کے بعد پاکستان کی جانب سے زلزلہ زدگان کے لئے خدمات پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز کٹھمنڈو میں پاکستان آرمی کی جانب سے قائم کئے گئے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مصروف پاکستانی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل گورو نے پاکستان اور پاک فوج کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کٹھمنڈو کے عوام پاکستان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے کیونکہ پاکستان آرمی کے ڈاکٹرز ہر وقت ان کی مدد کے لئے موجود رہے جبکہ ادویات بھی بڑی کھیپ مہیا کی گئی۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے کٹھمنڈو کے علاقے بخت پور میں لگایا گیا کیمپ زلزلے سے متاثرہ افراد کے لئے طبی امداد کا اہم ذریعہ ہے جبکہ پاکستان آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ مہینے نیپال میں آنے والے 7.8شدت کے زلزلے سے اب تک ساڑھے 6ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ 10ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔