جنرل راحیل نے بھارت کو پیغام دیا، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے: میرواعظ، بیان قومی امنگوں کا ترجمان ہے: حافظ سعید

جنرل راحیل نے بھارت کو پیغام دیا، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے: میرواعظ، بیان قومی امنگوں کا ترجمان ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعة الدعوة پاکستان حافظ محمد سعید نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس بیان کو ”مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ کہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں، جدا نہیں ہو سکتے“ قوم کی امنگوں کا ترجمان قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے پوری کشمیری و پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ آج پاکستانی آرمی چیف نے بھی وہی موقف دہرایا ہے جس پر پاکستانی قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ مظلوم کشمیری ڈیڑھ لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود الحاق پاکستان کا نعرہ بلند کر رہے ہیں اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ آرمی چیف راحیل شریف کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ بھارت کو پیغام دیا گیا ہے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے، مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے۔ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کو نہیں دبا سکتا۔
حافظ سعید