وزیراعظم نے ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وزارت کھیل اور پی ایچ ایف سے وضاحت مانگ لی
اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئی کھیت ۔۔۔۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کی شرمناک کارکردگی-
ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی ہاکی ٹیم اولمپکس میں شرکت سے بھی محروم ہوئی تو قومی کھیل کے چیف پیٹرن وزیراعظم کو بھی ہوش آگیا۔۔۔
وزیراعظم میاں نواز شریف نے گرین شرٹس کی کاردگری کو شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے ہاکی فیڈریشن اور وزارت کھیل سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی قومی ہاکی کھیل کی ترقی کے لیئے سفارشات دی جائیں اور ہاکی ٹیم کی شکست کی وجوہات بتائی جائیں۔ اولمپک گیمز میں تین مرتبہ گولڈ میڈل لانیوالی ٹیم آج کیسے باہر ہوگئی ؟ وزیراعظم نے قومی کھیل کے فروغ کے لیے سفارشات بھی طلب کرلیں۔
وزیراعظم کی ہدایت پر شکست کی وجوہات جاننے کیلئے5رکنی کمیٹی تشکیل کردی گئی ہے جس میں شہباز سینیئر، خواجہ جنید، اختر نواز گنجیرہ، کرنل مدثر اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔ کمیٹی تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ معاملے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔