صوبوں کو پہلے بلدیاتی الیکشن کرانا ہونگے‘ مڈٹرم کا وقت گزر چکا‘ نوازشریف عام انتخابات کی تیاری کریں : گیلانی

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت چوتھا بجٹ بھی منظور کرا چکی، مڈٹرم انتخابات کا وقت گزر چکا ہے۔ نواز شریف اب آئندہ عام انتخابات کی تیاری کریں۔ مڈٹرم انتخابات کی بات عوام کی توجہ ہٹانے کےلئے ہے۔ عام انتخابات سے قبل انہیں بلدیاتی انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔ مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرنے والے پہلے بلدیاتی الیکشن کرائیں۔ ملتان ائرپورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں کسی کے کہنے پر آپریشن کرینگے نہ ہی کسی کو وہاں مداخلت کرنے دینگے۔ ملکی مفاد میں ہوا تو شمالی وزیرستان میں خود آپریشن کرینگے ورنہ نہیں۔ امریکہ کو کبھی ڈرون حملوں کیلئے شمسی سمیت کوئی ائربیس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ائر بیس استعمال کرنے کی اجازت سابق مشرف حکومت نے دی تھی۔ سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر اعلیٰ سفارتی سطح پر احتجاج کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ میاں نوازشریف انہیں ٹف ٹائم نہیں دے رہے۔ عوام ساتھ ہوں تو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے سکتا۔ عوام سمجھ چکے ہیں کہ مڈٹرم انتخابات انکے بس کی بات نہیں۔ ہماری مفاہمت کی سیاست کا عمل سبوتاژ نہیں ہوا۔ نواز شریف، شہباز شریف سے جمہوری طور پر تعلقات قائم رکھیں گے۔ سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں ہوتی بلکہ ڈے ٹو ڈے سیاست ہوتی ہے۔ ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتوں نے اہم تاریخی فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دیا جو لوگ مفاہمت کی سیاست کے قائل نہیں تھے اس پر تنقید کرتے تھے۔ آج وہ بھی مفاہمت کی سیاست کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ سرائیکی صوبہ کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سرائیکی صوبہ کے نام پر سرائیکی عوام کو لالی پاپ نہیں دیا میری تجویز پر شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے منشور کمیٹی کو منشور میں سرائیکی صوبہ کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔ کسی کو ”لالی پاپ“ نہیں دیتے جو کہتے ہیں اس پر عملدرآمد کرانا جانتے ہیں۔ سرائیکی صوبہ صرف میرا نہیں بلکہ اس خطہ کے عوام کا مطالبہ ہے۔ اسے پورا کیا جائے گا۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ ٹرم مڈٹرم اور لانگ ٹرم اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت بھاشا ڈیم‘ تھرکول منصوبہ اور پاک ایران گیس و بجلی معاہدہ پر کام کر رہی ہے۔ ایران سے 11 سو کلومیٹر پائپ لائن بچھا بھی دی گئی ہے۔ عالمی کساد بازاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت کو بجلی کے ٹیرف میں اضافہ کرنا پڑا مگر سوئی گیس کے گھریلو صارفین کی سہولت کیلئے سوئی گیس ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا۔ اب حکومت گھریلو صارفین کا ریلیف برقرار رکھنے کیلئے کمرشل صارفین کیلئے دیگر پراڈکٹس کے مقابلے میں نئے نرخ متعارف کرانے کی تجاویز زیر غور لا رہی ہے تاہم ابھی حتمی بات نہیں کی جا سکتی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے حکومت نے نیشنل گرڈ میں کئی سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا اضافہ کیا اور اتنا مزید اضافہ کرنیوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی الیکشن کرانے کے حق میں ہیں۔ تمام صوبوں کو یہ ضرور کہونگا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کرائیں۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات ہوں یا کشمیر اور گلگت بلتستان کے عام انتخابات ہوں ان میں پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ موجودہ دور حکومت میں جتنے ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ افغانستان سے ہماری اب ماضی کی نسبت بہتر انڈر سٹینڈنگ ہے جنرل کیانی نے افغانستان کا دورہ کیا۔ اعلیٰ سفارتی وفد نے سرحدی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے سیلاب کے خدشہ سے پیش نظر چاروں صوبوں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا تھا جس میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلاب سے بچا¶ اور ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔
گیلانی