آئندہ دو سے تین روز کے دوران کشمیر، بالائی خیبر پی، فاٹا اور بالائی پنجاب کے اکثر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، ہزارہ، گلگت بلتستان مردان، پشاور، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور لاہور ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ مزید ابرکرم برسے گا جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ اسی طرح آئندہ تین روز کے دوران کشمیر، بالائی خیبر پی، فاٹا اور بالائی پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ کم شدت کے ساتھ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں اکہتر ملی میٹر ہوئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔