سندھ پولیس نے کراچی آپریشن کی تازہ رپورٹ جاری کردی؛کراچی آپریشن میں 1171 ملزمان ہلاک، 64 ہزار سے زائد گرفتار
سندھ پولیس نے کراچی آپریشن سے متعلق پانچ ستمبر دوہزار تیرہ سے یکم ستمبر دوہزار پندرہ تک کی تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی آپریشن کے دوران مختلف کارروائیوں میں گیارہ سو اکہتر ملزمان مارے گئے،ان میں آٹھ سو اکتالیس ڈاکو اور دو سو بیاسی دہشت گرد شامل تھے۔مارے گئے ملزمان میں اڑتیس اغوا برائے تاوان اور دس بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔سندھ پولیس کی رپورٹ کے مطابق آپریشن کے دوران آٹھ سو تین دہشت گردوں سمیت چونسٹھ ہزار چار سو تیرانوے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ان میں سترہ سو اٹھاون قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔گرفتار ملزمان میں ایک سو اکیس اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
پچیس ہزار چار سو پچہتر ملزمان کو دیگرجرائم میں گرفتارکیا گیا، دو سال کے دوران پانچ سو پچہتر کلو بارودی مواد بھی برآمدکیاگیا، جبکہ پندرہ ہزار چار سو پچہتر مختلف اقسام کےہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں، دہشت گردوں سے سترہ خودکش جیکٹس برآمد کئے گئے۔ کراچی میں آپریشن کے دوران دو سو پچاس پولیس افسران و اہلکار شہید ہوئے،شہدا میں دو ایس ایس پیز اور چار ڈی ایس پیز بھی شامل ہیں۔