پاکستان کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں‘ فریقین مذاکرات سے معاملہ حل کریں: چین
بیجنگ(ثناء نیوز)چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ چین ہمسایہ ملک پاکستان کی صورتحال کابغور جائزہ لے رہا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کو ترجیح دیں گی ۔ منگل کے روز چینی وزارت خا رجہ کے ترجمان کنگ کانگ نے کہا کہ برادر ملک پاکستان میں جا ری سیاسی صورتحال پر تشویش ہے تاہم امید ہے کہ ریاست وعوام کے مفاد اور قومی استحکام کے لیے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا، توقع ہے کہ فریقین مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔ واضح رہے کہ چین کے صدر کو دورہ پاکستان رواں ماہ طے ہے تاہم پاکستان میں جا ری مو جو دہ صورتحال کی وجہ سے ابھی تک ان کے اس دورے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ۔دوسری طرف پاکستان کی مو جودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پہلے ہی دو ممالک کے سربراہان مملکت اپنے دورہ منسوخ کر چکے ہیں۔