تحریک انصاف کے کارکن کھانے پر ٹوٹ پڑے، ڈنڈے بھی کھائے، 3 بچے زخمی

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
تحریک انصاف کے کارکن کھانے پر ٹوٹ پڑے، ڈنڈے بھی کھائے، 3 بچے زخمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے زیراہتمام جاوید ہاشمی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے شرکاءکو کھانے کے پیکٹ تقسیم کرنے کے موقع پر کارکنوں نے زبردست بدنظمی کا مظاہرہ کیا۔ کھانے کے حصول کیلئے کارکن ٹرک پر چڑھ دوڑے اور ڈنڈے بھی کھائے۔ اس دھکم پیل سے تین بچے زخمی بھی ہوئے۔ ٹرک پر موجود انتظامیہ شرکاءکی جانب پیکٹ اچھالتے رہے تاہم کارکن پھر بھی باز نہ آئے اور چاروں طرف سے ٹرک پر چڑھنے کی کوشش کرتے رہے، اس دوران ڈبوں کے حصول کیلئے کارکن دوڑیں لگاتے رہے۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہا جب تک کھانے کے پیکٹ ٹرک میں موجود رہے، پیکٹ ختم ہونے پر سب کو صبر آ گیا اور تھوڑی دیر بعد حالات معمول پر آ گئے۔ قبل ازیں بیدیاں روڈ پر نواز اعوان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا تحریک انصاف انتخابات ملتوی کرنے کی ہر حکومتی سازش کو ناکام بنادے گی، آئندہ انتخابات کےلئے کسی کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا اور کارکنوں کی مشاور ت کے بعد ٹکٹ دیئے جائیںگے لیکن کسی چور لٹیرے کےلئے ہماری جماعت میںجگہ نہیں، عمران خان سمیت ہماری قیادت نے اپنے اثاثے قوم کے سامنے پیش کر دیئے مسلم لیگ (ن) والوں اور پیپلزپارٹی کی قیادت میں ہمت ہے تو بھی قوم کو بتائیں ان کے پاس کیا کچھ ہے، دونوںجماعتوں نے قوم کو لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے ، انقلاب آئے گا اور کسی کرپٹ ٹولے کو بھاگنے نہیںدیںگے، عمران خان جرات مند لیڈر ہیں، وہ وہاں جا رہے ہیں جہاں ڈرون حملے ہوتے ہیں۔ اس موقع پر محمود الرشید، نواز اعوان، رانا اختر حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا پاکستان کے حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ ان کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، آج پاکستان ساری دنیا میں تنہا کھڑا ہے۔ انہوںنے کہا (ن) لیگ والے کہتے ہیں میں ان کی قیادت پر تنقید کرتا ہوں تو میں کہوں گا جب پولیس والا میرے کارکن کو پکڑ کر کہے گا مجھے شہبازشریف نے کہا ہے اسے گولی مار دو تو میں پھر کہتا ہوں میں شہبازشریف کو برا بھی کہوں گا اور اس کا مقابلہ بھی کروں گا۔