کور کمانڈرز کا اجلاس‘ دہشت گردوں‘ ان کے سہولت کاروں کیخلاف ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ منظور
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) کور کمانڈرز کی کانفرنس گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس نے دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور خفیہ ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ کرنے اور ایسے ممکنہ نئے ٹھکانوں کے قیام روکنے کیلئے ملک بھر کے ہر علاقہ کو کھنگالنے کے جامع منصوبہ کی منظوری دے دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔شرکاء نے فوج کی حربی تیاری، آپریشنل امور اور تربیتی معاملات پر بھی غور کیا۔آرمی چیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوال آپریشن کی کامیابی پر افسروں اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی سے پاک ملک بنانے کی جنگ میں فوج، رینجرز،ایف سی کی قربانیوں اور جانبازی کو خراج تحسین کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بہتر بنانے کے ساتھ دہشت گردوں کو مزید خفیہ ٹھکانے بنانے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں تمام علاقوں کو کھنگالنیکے ایک جامع آپریشن کی منظوری دے۔ خیال رہے کور کمانڈرز کی یہ کانفرنس ایسے موقع پر منعقد ہوئی جب پانامہ لیکس کی وجہ سے اپوزیشن وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے۔ این این آئی کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیکر پاکستان کو ایک محفوظ جگہ بنا دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کے منظم منصوبہ بندی پر بھی غور کیا گیا، بیان کے مطابق آپریشنز کیلئے مقامی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے کو بہتر بنایا جائیگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کور کمانڈرز کے اجلاس میں ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا دہشت گردوں کیخلاف ٹھکانوں اور سلیپر سیلز کو ختم کیا جائے گا۔ اے پی پی کے مطابق کورکمانڈزنے مقامی اور صوبائی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی رسائی میں اضافہ کرکے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں ‘سہولت کاروں کیخلاف مربوط پلان کے تحت کومبنگ آپریشن کی منظوری دیدی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس کے شرکاء کو ملک کی داخلی اور خارجی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔کانفرنس کے شرکاء نے آپریشنل تیاریوں‘ تربیت اور دیگر پیشہ ورانہ امواطمینان کا اظہار کیا ۔