وزیراعظم کے احکامات نظر انداز‘ ارکان پارلیمنٹ کے گوشوارے الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر ڈالے نہ جا سکے
اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمشن نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثے ویب سائٹ پرڈالنے کے احکام کو نظرانداز کرتے ہوئے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہیں کی اور موقف اپنا یا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثے ویب سائٹ پر ڈالنے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کی جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے الیکشن کمشن کو اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پرڈالنے کے حوالے سے ہدایت کو کئی روز گزر گئے مگر الیکشن کمشن نے تاحال تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کی۔ الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس لئے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پر اپ لوڈ نہیں کی جائیں گی۔اگر حکومت چاہتی ہے تفصیلات ویب سائٹ پراپ لوڈ کی جائیں تو اس حوالے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں قانون سازی کی جائے۔الیکشن کمشن نے قانون کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات کتابی شکل میں شائع کر دی ہیں اگر کسی کو یہ تفصیلات چاہیں تو وہ الیکشن کمشن سے اثاثوں کے تفصیلات کی کاپی خرید سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمشن سے نیب حکام نے سرکاری طور پر اثاثوں کی ایک کاپی حاصل کر لی ہے جو الیکشن کمشن نے چیئرمین نیب کے خط پر انہیں مہیا کی ہے۔