پیپلز پارٹی تجربہ کار ہے، عمران استعمال نہیں کرسکیں گے، اپوزیشن کی کوئی مؤثر بات ہوئی تو ٹی او آرز میں شامل کر سکتے ہیں: سعد رفیق
لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی تجربہ کار جماعت ہے عمران خان انہیں استعمال نہیں کر پائیں گے ،کمیشن کی تشکیل کے لئے ہم سپریم کورٹ کو حکم نہیں دے سکتے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تجاویز میں اگر کوئی موثر بات ہوئی تو اسے جوڈیشل کمشن کے ٹی او آرز میں شامل کرنے پر اعتراض نہیں ہو گا۔ ہم نے اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے اب سپریم کورٹ کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں دوڑ لگی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی تجربہ کار جماعت ہے عمران خان انہیں استعمال نہیں کر پائیں گے۔ نوازشریف کا بھٹو اور محترمہ کے دور میں احتساب ہوا اور وہ سرخرو ہوئے پھر پرویز مشرف دور میں بھی کڑا احتساب ہوا مگر ہم اس میں بھی سرخرو ہو کر نکلے۔ پانامہ کمشن پر اپوزیشن کا حتمی نقطہ نظر سامنے آنے کے بعد ردعمل دیں گے۔ اپوزیشن سے بات چیت کے دروازے نہ پہلے بند کئے نہ اب کریں گے۔