پاکستان کے فریم ورک کے اندر رہ کر بلوچستان کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے : میر عالی بگٹی

کوئٹہ (ریڈیو نیوز) نواب اکبر بگٹی کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ میر عالی بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے فریم ورک میں رہتے ہوئے صوبے کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ڈیرہ بگٹی میں عمائدین اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے میر عالی بگٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ گرفتار بگٹیوں کو رہا کیا جائے اور بے گھر افراد کو دوبارہ قبائل میں آباد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اکبر بگٹی کی ہلاکت سے متعلق حقائق بھی منظرعام پر لائے۔ عالی بگٹی نے کہا کہ حکومت کو بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام کی بھی اپیل کی۔ نوابزادہ عالی بگٹی نے کہا کہ چار سالہ آپریشن میں بگٹی قبیلے کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اب ان کی پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان کی بحالی ہے۔ عالی بگٹی نے کہا کہ وہ کسی ڈیل تحت علاقے میں نہیں آئے بلکہ بگٹی قوم کی حالت زار دیکھ کر ضلع میں آنے کا فیصلہ کیا تاکہ قبیلے میں پھیلی بے چینی ختم ہوسکے۔
عالی بگٹی