پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ طالبانائزیشن سے ہے: الطاف حسین

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ بڑھتی ہوئی طالبانائزیشن سے ہے‘ سوات میں معاہدہ کیا گیا ہے کہ نظام عدل لانے اور قاضی کورٹس بنانے سے امن ہو جائے گا‘ طالبان کی وجہ سے مسلمانوں کی بدنامی ہو رہی ہے‘ پاکستانی اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرے ہوئے ہیں‘ وزیر داخلہ رحمن ملک کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ طالبان جس اسلام کا نقشہ پیش کر رہے ہیں وہ اسلام نہیں ہے‘ نظام عدل کے معاہدے کے بعد طالبان کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا۔ سوات میں امن قائم ہوا اور نہ طالبان کی کارروائیاں بند ہوئیں‘ عوام معتدل‘ لبرل اور ڈیموکریٹ ہیں‘ وہ طالبان کا خودساختہ نظام نہیں مانتے‘ مسائل اور خطرات سے نمٹنے کے لئے پاکستانی اپنا کردار ادا کریں‘ اسلام کا نام لے کر پیدا ہونے والے طبقے نے پاکستان اور بیرون ملک اسلام کی شکل بگاڑ کر پیش کی ہے‘ مختلف الزامات لگا کر معصوم بچیوں کو کوڑے مارنا کہاں کا اسلام ہے‘ طالبان کے باعث ایسے سوالات سننا پڑتے ہیں جس سے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔ اے این پی‘ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر طالبان کو شکست دیں گے‘ اولیائے کرام اور بزرگان دین کے مزارات جو صدیوں سے موجود ہیں ان کی بے حرمتی کرنا‘ بموں سے اڑانا‘ ان مزاروں پر تالے ڈالنا سب چیزوں سے عوام واقف ہیں۔ طالبان نے بونیر اور دیر میں عوام کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا‘ شرپسند عناصر نے کراچی کے حالات خراب کئے‘ لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے لوگوں نے معصوم شہریوں کی گاڑیاں جلائیں‘ املاک کو نقصان پہنچایا۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ میں الطاف حسین کو یقین دلاتا ہوں کہ حالات پوری طرح کنٹرول میں ہیں‘ ملک میں کسی قسم کی طالبانائزیشن کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ حکومت سوئی نہیں رہی‘ ہمارے پاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کی تعداد موجود ہے‘ کوئی اسلام آباد کو چھو نہیں سکتا جس طرح الطاف حسین نے جذبے کا اظہار کیا‘ اسفندیار ولی نے بھی کہا کہ جو طالبان رٹ چیلنج کرتے ہیں ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا‘ مٹھی بھر طالبان پاکستان کے عوام کو نہیں دبا سکتے‘ ہمارے پاس 18 ہینڈلرز اور 8 خودکش بمبار حراست میں ہیں۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، جس میں کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے الطاف حسین کی خدمات کو سراہا۔
الطاف / رحمن ملک