فوج بلانا نوازشریف کی سیاسی غلطی ہے‘ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے : پیپلز پارٹی

فوج بلانا نوازشریف کی سیاسی غلطی ہے‘ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے : پیپلز پارٹی

اسلام آباد (آئی این پی + آئن لائن) پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے اطلاق کے معاملے پر پارلیمنٹ کامشترکہ ِان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا انتہائی بڑا اقدام ہے‘ حکومت  پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے‘ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی  کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ایوان کو آرٹیکل 245 کے اطلاق کے عوامل اور وجوہات سے آگاہ کیا جائے، حکومت اِن کیمرہ اجلاس بلا کر پارلیمان کو اعتماد میں لے۔ رضا ربانی نے کہا کہ وزیر داخلہ نے صرف یہ بتایاکہ سیاستدانوں اوراہم تنصیبات کو خطرہ ہے، وزیر داخلہ بتائیں سیاستدانوں کو کس طرح کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا آرٹیکل 245 کا اطلاق بڑا اقدام ہے، پارلیمان کا حق ہے کہ اسے وجوہات کا علم ہو۔ مزید برآں  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے پیپلزپارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کی جو تہمت لگائی جارہی ہے ، قومی اسمبلی کے آنیوالے اجلاس میں ہم اسے ختم کر دیں گے، پارلیمانی جمہوریت کو بچانے کیلئے آئندہ اجلاس میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ حکومت نے اسلام آباد میں فوج بلاکر آئین کے آرٹیکل 245 کا غلط استعمال کیا‘ یہ نواز شریف کی سیاسی غلطی ہے ‘ آرٹیکل 245 پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا نہ ہی مذاکرات کو اہمیت دے رہی ہے‘ اسلام آباد کو کوئی خطرہ نہیں‘ فوج بلانا ہی تھی تو پشاور اور بنوں میں بلائی جاتی‘ فوج کی طلبی کا معاملہ (کل) 4 اگست کو شروع ہونیوالے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے، فوج بلانے سے پہلے پارلیمنٹ کا اِن کیمرہ مشترکہ اجلاس بلایا جانا چاہئے تھا۔ نجی ٹی وی سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اب ہم اسمبلی میں دوستانہ اپوزیشن کے بجائے صرف اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے تاکہ پارلیمانی جمہوریت کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے 1977ء میں لاہور میں فوج طلب کی اور یہ انکی سنگین غلطی ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ  فوج کے بلاوے جیسے اہم فیصلے کے سلسلے میں پارلیمنٹ یا کسی بھی سیاسی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ آن لائن کے مطابق سینیٹر رضا ربانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر ایوان کو ان عوامل اور وجوہات سے آگاہ کرے جس پر اسلام آباد میں فوج طلب کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عمران لغاری نے بھی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام آباد کی سکیورٹی فوج کے حوالے کرنا وزیر داخلہ کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی/ مطالبہ