سیاسی یتیموں نے سیاسی اداکاروں سے گٹھ جوڑ کیا‘ عوام جمہوریت کے خلاف منصوبے ناکام بنائیں گے‘ مشرف اب پاکستان نہیں آ سکتے : صدر زرداری

بدین (ریڈیو نیوز+ وقت نیوز+ ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی یتیموں نے حکومت غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی اداکاروں سے گٹھ جوڑ کر لیا لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، عوام منتخب حکومت کے خلاف منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیاسی یتیموں اور سیاسی اداکاروں کی قسمت میں مایوس ہونا لکھا ہے یہ عناصر گھبرا کر اِدھر اُدھر ہاتھ پاﺅں مار رہے ہیں مگر عوام انہیں ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بدین میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین میں امدادی چیکوں کی تقسیم کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام سیاسی یتیموں اور سیاسی اداکاروں کے اتحاد سے نہ گھبرائیں، قوم کے تعاون سے ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار امیروں سے ٹیکس وصول کیا جائے گا، سیلاب سے متاثرہ ہر گاﺅں اور ہر گھر کو تعمیر کریں گے، ہمیں سیاست کرنی آ گئی ہے، جمہوریت اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کی بات کرنے والے سیاسی یتیم‘ لوگوں کو بیوقوف نہ بنائیں‘ ہم نے ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھایا ہے، حکومت بے نظیر بھٹو کے ویژن کو آگے بڑھا رہی ہے، ہم نے حکمت عملی سے سابق آمر مشرف کو ایوان صدر سے نکالا وہ جلاوطن ہے، دوسروں کو نکالنے والا آمر آج خود جلاوطن ہے، پرویز مشرف کو جلاوطنی میں پتہ چل جائے گا کہ بے نظیر بھٹو کو کس طرح باہر رکھا تھا، آٹھ سال تک ملک کے سیاہ و سفید کا مالک مشرف اب پاکستان نہیں آ سکتے، سیلاب سے ملکی معیشت کو شدید دھچکا لگا لیکن متاثرین کی مدد جاری رکھیں گے۔ اختیارات عوام کو منتقل کر دئیے اب اس پر منحصر ہے کہ وہ انہیں کیسے استعمال کرتی ہے۔ صدر نے بینظیر انکم سکیم کے تحت قومی پروگرام کا افتتاح کیا جس کے تحت ہر غریب شخص کی ریاست انشورنس کرے گی اس کے انتقال کی صورت میں ورثا کو ایک لاکھ روپیہ مل جائے گا۔ اگلے مرحلے میں بے نظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھانے والوں کی ہیلتھ انشورنس ہو گی جس کے تحت انہیں مفت طبی امداد مل سکے گی۔