پاکستان چین کے سٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں راﺅنڈ آج شروع ہو گا

بیجنگ (اے پی پی) پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک مکالمے کا پانچواں راﺅنڈ آج سے شروع ہو گا جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات کا مکمل احاطہ کیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے مکالمے میں سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی جبکہ چین کی جانب سے نائب وزیر خارجہ مادام فوینگ حصہ لیں گی۔ قبل ازیں سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سے چین میں ٹیکنالوجی، انرجی انفراسٹرکچر، کمیونیکیشن اور کلچر کے شعبوں کی متعلقہ شخصیات سے اہم مذاکرات کئے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران صدر آصف علی زرداری سابق وزیراعظم گیلانی اور موجودہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چین کے 16 دورے کئے جبکہ چین کے وزیراعظم جین باﺅ نے 2010ءمیں پاکستان کا انتہائی مفید دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر ایک جیسے خیالات ہیں۔