پاکستان اور چین بدلتے ہوئے عالمی حالات میں تعلقات مزید مضبوط بنائیں : چینی وزیر خارجہ

بیجنگ (اے پی پی) چین کے وزیر خارجہ یانگ جی آچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر قسم کے حالات میں سٹریٹجک پارٹنرز ہیں انہیں بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ پاکستان کے خارجہ سیکرٹری نے پاکستانی قیادت کی گرمجوشی پر مبنی خواہشات پہنچائیں اور امید ظاہر کی کہ نئی چینی قیادت پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گی چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کی نئی لیڈرشپ پاکستانی قیادت سے اچھی طرح آشنا ہے۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ کی چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی۔ اس موقع پرامن اور سلامتی کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف عالمی اور علاقائی فورموں پر تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے چینی وزیر کو خطے میں امن واستحکام کے بارے میں پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے افغانستان میں استحکام کی کوششوں ، جنوبی اور مشرقی ایشیا کو تنازعات سے پاک اقتصادی طور پر ترقی یافتہ اور پرامن خطہ بنانے ، چین اور پاکستان کے تعلقات کے فروغ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے دشمن کو اپنا دشمن تصور کرتا ہے۔