ملک لوٹنے والوں کا احتساب دور نہیں‘ کرپٹ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے : نوازشریف

 ملک لوٹنے والوں کا احتساب دور نہیں‘ کرپٹ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے : نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو بے دردی سے لوٹنے والوں کا احتساب اب دور نہیں، کرپٹ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے ہمیں عوام نے موقع دیا تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ گلگت بلتستان نے اپنے زور بازو اور بے مثال جدوجہد سے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی تھی گلگت بلتستان کی جنگ آزادی کے شہداء اور غازیوں کو مسلم لیگ (ن) سلام پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائے ونڈ میں رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف اور صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور کی موجودگی میں کارکنوں سے گفتگو اور گلگت بلتستان کے عوام کو گلگت بلتستان کے 65 ویں یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، مالی و سماجی مسائل میں مبتلا ہیں مگر اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کو ان کی کوئی پروا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج گلگت بلتستان کے عوام کو ان تمام حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔