پنجاب کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے زیادہ فنڈز رکھیں گے، ترقی کے سفر کیخلاف کوئی دھرنا، احتجاج کامیاب نہیں ہو سکتا: شہباز شریف

پنجاب کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے زیادہ فنڈز رکھیں گے، ترقی کے سفر کیخلاف کوئی دھرنا، احتجاج کامیاب نہیں  ہو سکتا: شہباز شریف

لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر کے خلاف کوئی دھرنا یا احتجاج کامیاب نہیں ہو سکتا، عوام کے فلاحی منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والوں کے دور حکومت میں بننے والے منصوبے ترقی کے مینار نہیں بلکہ کرپشن کے قبرستان تھے، ہماری سمت درست ہے، عوام جانتے ہیں کہ خدمت کون کر رہا ہے اور احتجاجی سیاست کون؟ ماضی کے حکمرانوں نے قوم کا مستقبل دائو پر لگایا، نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے بدترین مجرمانہ غفلت برتی، اگر یہ منصوبہ 3برس قبل مکمل ہوتا تو ملک کو 165ارب روپے کا معاشی نقصان نہ اٹھانا پڑتا، منصوبے میں تاخیر کے باعث غریب قوم کے 30ارب روپے زائد نہ خرچ کرنا پڑتے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے، اﷲ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے اور ہم خدمت خلق کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ یہ وطن ہمارا ہے ہم سب نے مل کر اسسے سنوارنا ہے اور نئی نسل کو مضبوط اور روشن پاکستان دینا ہے۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار سندھ، خیبر پی کے  اور بلوچستان کے صحافیوں، کالم نگاروں اور دانشوروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ توانائی بحران کے حوالے سے تیز رفتاری سے اقدامات اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر صحافیوں کے وفد نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ شعیب بن عزیز، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا اور ڈی جی پی آر اطہر علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ 7ماہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ کے مردہ منصوبے میں جان پڑ سکتی ہے تو 4برس میں ملک سے اندھیرے بھی دور ہو جائیں گے، پنجاب میں لگنے والے منصوبے پورے پاکستان اورپاکستانی قوم کے لئے ہیں کیونکہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر ملک کا مستقبل تابناک بنانا ہے، حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، معیشت میں بہتری آ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے، وفاقی حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے،  ملک بھر میں توانائی کے منصوبے تیزی سے لگائے جا رہے ہیں، وفاق نے داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 30ارب روپے مختص کئے ہیں۔ کراچی، لاہور موٹروے کے لئے وفاقی حکومت نے 55ارب روپے مختص کئے ہیں  اس بڑے منصوبے کا آغاز کراچی سے کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق رائے کے لئے اپنے حصے کے 11ارب روپے سالانہ دیگر صوبوں کو رضاکارانہ طور پر دئیے ہیں، چار برس میں پنجاب 44ارب روپے کی اپنے حصے کی رقم دیگر صوبوں کو دے چکا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک وژن کے تحت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مخلصانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحافیوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف انقلابی لیڈر ہیں اور وہ عوا م کی فلاح و بہبود کے لئے تاریخی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی خدمت کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کاش شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ دیگر صوبوں کو بھی نصیب ہوتا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ  2014-15ء کے صوبائی بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سال 2014-15ء کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء ا ﷲ خان، ایم این اے حمزہ شہبازشریف ، معاون خصوصی عزم الحق، پارلیمانی سیکرٹری رانا بابر حسین، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے، عام آدمی کی فلاح و بہبود پر خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں، حکومت کے فلاحی پروگراموں اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام مستفید ہورہے ہیں، 2014-15ء کے بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ محروم طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ٹیکس وصولی نظام میں خامیاں کو دور کرکے اُسے بہتر بنایا جائے گا، ٹیکس وصول کرنے والے تمام اداروں میں آٹو میشن نظام متعار ف کرایاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی نظام کی آٹو میشن کے لئے جامع پلان تیار کیا جائے، ٹیکس وصولی نظام کو آسان بنانے کے لئے بھی سفارشات مرتب کی جائیں۔ پنجاب کے وسائل میں اضافہ کی بڑی گنجائش موجود ہے اس مقصد کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی نے صوبے کے وسائل میں اضافے اور ٹیکس نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ٹیکس وصولی کا ہدف مقر ر کرکے اس کے حصول کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقو ںکی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے او ران علاقو ں کی ترقی کے لئے زیادہ وسائل رکھے جائیں، امن کے بغیر سرمایہ کاری اور تیز رفتار ترقی ممکن نہیں اس لئے امن وامان کی بہتری کے لئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے۔ سیکرٹری خزانہ نے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا منصوبہ صوبے میں امن  وامان کے قیام کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس منصوبے پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔ یہ جرائم کی روک تھام میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ساہیوال میں جدید ترین ہائی سکیورٹی جیل تعمیر کی جا رہی ہے جہاں  جدید ترین آلات نصب کئے جائیں گے۔ ٹیلی کمیونیکیشن اورانفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ٹیلی کمیونیکیشن کے جدید آلات اور ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے معروف شینگ ڈونگ رویائی گروپ،  ہیوانگ شینگ ڈونگ کمپنی اور سیپکو ون کے وفد نے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ توانائی کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کو اپنی صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے، ملک سے غربت ، بیروز گاری اوراندھیرے دور کرنے کے لئے توانائی کی ضرورت ہے ، ملک کو درپیش توانائی بحران جلد سے جلد حل کرنا چاہتے ہیں، توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے توانائی بحران کے  خاتمے کے لئے دن رات ایک کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی باہمت، پُرعزم او رحوصلہ مند قیادت نے پاکستان کی تمام اکائیوں سمیت آزاد کشمیر او ر گلگت بلتستان میں توانائی کے حصول کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان اورچین کی دوستی معاشی تعلقات میں بدل چکی ہے۔ چین نے پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کے لئے بے پایاں تعاون فراہم کر کے مخلص اور سچے دوست ہونے کا حق اداکر دیا۔ بلاشبہ چین نے ماضی میں بھی پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں لائق تحسین کردار ادا کیا ہے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ آج پاکستان کو توانائی کی کمی کے شدید مسئلے کا سامنا ہے توچین مخلص دوست کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب میں چین کی متعدد کمپنیاں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کار ی کر رہی ہیں۔ پاکستان کے لئے 32ارب ڈالر کا تاریخی اقتصادی پیکیج بھی چین کی قیادت کا پاکستان کے عوام سے لگائو اور محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔ چین پاکستان کو توانائی بحران سے چھٹکارا دلانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔ چینیکمپنیوں کے وفد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے اور چینی کمپنیوں کی یہاں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوںگے۔ ساہیوال میں 1320میگا واٹ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں گے اس ضمن میں چینی کمپنیوں نے دستاویزات پر دستخط کرکے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں شینگ ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین یافو کیو، وانگ وینژونگ جنرل منیجر ہیوانگ شینگ ڈونگ کمپنی ، وانگ شومن جنرل منیجر سیپکو -1 ، جاری لیو (Mr. Jerry Liu ) نائب صدر رویائی گروپ اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ڈونگ فونگ الیکٹرک کارپوریشن چائنہ کے چیئرمین وانگ جی کی سربراہی میں وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین او روفد کے دیگر ارکان کو نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن 7ماہ کی ریکارڈ مدت میں چلانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ منصوبے سے 100میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا صرف 7ماہ میں حصول بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اس منصوبے پر چینی کمپنی کے ساتھ پاکستانی انجینئرز اور عملے نے بھی دن رات کام کیا ہے۔ امید ہے کہ منصوبے سے دسمبر 2014ء سے قبل425میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ نندی پورپاور پراجیکٹ پر جس طرح شبانہ روز محنت کی گئی ہے اسی جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے توانائی کے دیگر منصوبے بھی مکمل کر کے ملک کو اندھیروں سے نجات دلائیں گے۔ وانگ جی نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جس طرح نندی پوری پاور پراجیکٹ پر دن رات کام کیا ہے وہ نا قابل یقین ہے، صرف 7ماہ میں 100میگاواٹ بجلی کا حصول شاندار کارنامہ ہے جس کا سہرا وزیراعلیٰ شہبازشریف کے سر جاتا ہے۔