مال گاڑیوں‘ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی‘ پمپس بند‘ پٹرول نایاب‘ عوام پریشان

مال گاڑیوں‘ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی‘ پمپس بند‘ پٹرول نایاب‘ عوام پریشان

لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ اپنے نامہ نگار سے+ نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے بعد پاکستان ریلوے نے مال گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت نے بھی ٹرانسپورٹ کرائے کم کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق ٹرینوں کے کرائے میں بھی 5 سے 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیبر پی کے حکومت نے فوری طور پر مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 8 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت کا کرایوں میں 7 فیصد کمی کا اعلان ٹرانسپورٹ اتحاد نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ادھر ایل پی جی بھی مزید 15 روپے کلو سستی ہوگئی ہے۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 195 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 675 روپے کمی ہوگئی۔ حکومت نے ٹرانسپورٹ کے نئے کرایوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ انٹرسٹی پٹرول گاڑیوں کے کرایوں میں 7، ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 8 فیصد کمی کی گئی ہے۔ انٹراسٹی کے کرایوں میں 7 پیسے فی کلومیٹر کمی کی گئی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں 8 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ ادھر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر بھر میں اربن ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ اربن نان اے سی ڈیزل بسوں کا کم از کم کرایہ 12 روپے ہوگا۔ دوسری جانب حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے دردِ سر بن گئی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں بیشتر پٹرول پمپس بند رہے جبکہ کھلے پٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پٹرول نایاب ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق کئی پٹرول پمپس نے بورڈ پر کمی کے بعد نئی قیمتیں تو آویزاں کردی تھیں تاہم قیمتوں میں کمی نہ کی گئی۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور، نارووال سمیت دیگر کئی شہروں میں بھی پٹرول کی مصنوعی قلت سے عوام کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ لاہور میں 13 پٹرول پمپس کے منیجرز کو گرفتار کروا دیا گیا اور 24 پمپس کو سیل کیا جبکہ 24 سیل کئے گئے پمپس میں سے تیل کی سپلائی آنے اور 8 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد 15 پٹرول پمپس کو ڈی سیل کر دیا گیا۔