دوسری شادی اولاد کی وجہ سے حساس معاملہ ہوتا ہے: عمران، یہ انکا نجی معاملہ ہے: شیریں پوچھ کر تصدیق کرونگا: محمود الرشید چیئرمین تحریک انصاف کل بیٹوں سے ملنے لندن جائینگے

دوسری شادی اولاد کی وجہ سے حساس معاملہ  ہوتا ہے: عمران، یہ انکا نجی معاملہ ہے: شیریں پوچھ کر تصدیق کرونگا: محمود الرشید  چیئرمین تحریک انصاف کل بیٹوں سے ملنے لندن جائینگے

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی دوسری شادی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری شادی کا معاملہ اولاد کی وجہ سے حساس ہوتا ہے بہتر ہوگا کہ مناسب وقت کا انتظار کیا جائے۔ دوسری شادی سے متعلق شادی کی خواہش کا اظہار اپنے تمام سپورٹرز کے سامنے کیا تھا لیکن دوسری شادی کا معاملہ اولاد کی وجہ سے کافی حساس ہوتا ہے۔ سانحہ پشاور کے باعث قوم سوگوار ہے لہٰذا بہتر ہوگا کہ مناسب وقت کا انتظار کیا جائے۔ عمران خان نے دوسری شادی سے متعلق خبروں کو افواہ قرار دیا۔برطانوی اخبار نے عمران خان اور ریحام خان کی خفیہ شادی کا دعویٰ کیا تھا۔ ترجمان پی ٹی آئی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔ محمود الرشید نے کہا ہے کہ عمران کی شادی کی خبر سنی ہے اسلام آباد جاکر انہیں مبارکباد دوں گا، عمران خان کے جواب کا منتظر ہوں، بات کرکے ہی ان کی شادی کی تصدیق یا تردید کروں گا، مٹھائی لیکر جائوں گا۔ انہوں نے مبارکباد قبول کی تو شادی کی تصدیق ہوجائے گی۔ دریں اثناء عمران خان کل تین جنوری کو لندن روانہ ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان لندن میں دو روز قیام کرینگے اور اپنے بیٹوں کے ساتھ وقت گزاریں گے۔