پنجاب، خیبر پی کے اور کشمیر میں دو روز سے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری , اگلے چوبیس گھنٹے میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی
ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ میانوالی میں رات سے بارش ہو رہی ہے، بارش کا گھروں میں داخل ہو گیا۔ سرگودھا اور اس کے گرد و نواح میں بارش ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔ چیچہ وطنی میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں نے بارش روکنے کیلئے اذانیں دینا شروع کر دی ہیں۔ عارفوالہ میں بارش کے باعث موسلادھار بارش سے کاروبار حیات معطل ہو گیا ہے۔ اِسی طرح فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موسمیاتی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کشمیر، پنجاب، فاٹا اور خیبر پی کے میں بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے آج مزید بارش ہو گی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش سو سترہ ملی میٹر ہوئی۔ اسی طرح کوہاٹ میں ایک سو پندرہ، رسالپور میں پچھتہر، بہاولپور ائیرپورٹ اٹھاون، سیدو شریف اکاون، جعفر آباد،ساہی وال میں پنتالیس، لاہور میں سترہ، فیصل آباد گیارہ، گوجرانوالہ،قصور پانچ، کوٹلی،بنوں اور مظفرآباد میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بارش کے باعث اگلے دو روز کے دوران بالائی خیبر پی کے، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت، بالائی فاٹا، شمالی وزیرستان، باجوڑ، اورکزئی، مہمند ایجنسیز، راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن سمیت ڈی جی خان ڈویژن کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔