ملک کی 63 فیصد آبادی کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے: اعظم سواتی

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان کی 63 فیصد آبادی کا صاف پانی سے محروم ہونا لمحہ فکریہ ہے، ہر گھر کو صاف پانی جیسی نعمت کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ گذشتہ روز پاکستان کونسل برائے تحقیقاتِ آبی وسائل (پی سی آر ڈبلیو آر) کے تحت آبی شعبہ میں مڈل مینجرز کے تربیتی کورس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آبی وسائل کی کمی نہیں لیکن بد قسمتی سے ہم بحیثیت قوم پانی کی اہمیت کا شعور اجاگر نہیں کر پائے ملک میں خراب پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریاں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ قبل ازیں مشیر وزارتِ سائنس ڈاکٹر طارق الرحمن نے کہا کہ پی سی آر ڈبلیو آر کا تربیتی کورس حکومتِ کے ترقیاتی اہداف کے مطابق ہے، اس پروگرام کے تحت ایک سال کہ عرصہ میں آبی شعبہ سے متعلق 2 ہزار سے زائد سینئر افسران، مڈل مینجرز اور ٹیکنیشنز کو تربیت دے چکا ہے۔