مالاکنڈ ڈویژن میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے‘ حاضری کم رہی

سوات (آن لائن) مالاکنڈ ڈویژن میں تمام تعلیمی ادارے ہفتے کو دوبارہ کھل گئے پہلے دن سکولوں اور کالجوں میں حاضری کم رہی۔ انتظامیہ نے اساتذہ کی رخصت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن کے تمام تعلیمی ادارے آپریشن راہ راست کے باعث تین ماہ قبل بند کردیئے گئے تھے۔ یکم اگست کو طلباوطالبات کے سکولوں میں باقاعدہ درس وتدریس کا کام شروع ہوگیا ہے۔ پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں پیر سے باقاعدہ تعلیم کا آغاز ہوجائیگا۔ بچوں میں شدت پسندوں کا خوف دور کرنے کیلئے ماہرین نفسیات کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن میں پبلک ٹرانسپورٹ کم ہونے کے باعث بھی طلبہ کو پہلے روز سکولوں میں جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اساتذہ کے مطابق پہلے روز سکولوں میں حاضری کم رہی۔