عدالت عظمیٰ اکبر بگٹی کے قتل، سانحہ لال مسجد کا بھی نوٹس لے: حافظ حسین احمد

ڈیرہ غازی خان (خبر نگار) رہنما جمعیت علمائے اسلام سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے عدالت عظمیٰ لعل مسجد سانحہ اور نواب اکبر بگٹی کے قتل کا بھی نوٹس لے سسٹم کو تباہ کرنے والے آمر پرویز مشرف کو معاف نہ کیا جائے اسے عدالت کے کٹہرے میں لا کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے وہ ڈیرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر پاکستان کے خلاف اور نظام کو درہم برہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور آج پاکستان آنے سے کترا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف اقدامات امریکی دباؤ کے تحت کئے جا رہے ہیں پولیس اور ایجنسیاں مدارس کو نو گو ایریا نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف اپنی پوزیشن واضح کریں پنجاب حکومت وفاقی حکومت کے اس اقدام کی حمایت کرتی ہے یا پھر مخالفت انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جہاں اہم فیصلے کر رہی ہے وہاں مقامی انتظامیہ عدالتوں کے فیصلوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔