پنجاب کی 4 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا‘ کسی کو غلط کام نہیں کرنے دیںگے : نجم سیٹھی

پنجاب کی 4 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا‘ کسی کو غلط کام نہیں کرنے دیںگے : نجم سیٹھی

لاہور ( خبرنگار+ثناءنیوز) پنجاب کی چار رکنی نگران کابینہ نے گورنر ہاﺅس میں عہدوں کا حلف اٹھایا۔ گورنر مخدوم سید احمد محمود نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔ طارق پرویز، سلیمہ ہاشمی، عارف اعجاز اور شمس محمود مرزا نے نگران وزرا کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے وزرا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیر سیاسی اور غیرجانبدار ہے۔ شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات نگران سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن نبھائیں گے۔ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا اور ووٹرز کو ایسا ماحول فراہم کریں گے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ کسی کو ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیںکی جائے گی۔ پنجاب میں کسی کو غیر قانونی اور غلط کام نہیں کرنے دیں گے، اگر کسی نے ایسا کیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے گورنر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کی جس میں آئندہ عام انتخابات، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ نگران کابینہ نے حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعلیٰ اور گورنر سے غیر رسمی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاﺅ کے لئے مہم جنگی بنیادوں پر چلائی جائے اور ڈینگی مچھر اور لاروے کے خاتمے کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں۔ عوام میں صفائی و ستھرائی کی اہمیت اور ڈینگی سے بچاﺅ کے بارے میں احتیاطی تدابیرکے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے وزیر اعلیٰ کو انسداد ڈینگی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹائر شاپس اور کباڑ خانوں کو لائسنس جاری کرنے کا عمل 15 اپریل تک ہر صورت میں مکمل ہونا چاہئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں انسداد ڈینگی مہم 30 مئی تک جاری رہے گی۔