عوام کا موڈ بتا رہا ہے آئندہ حکومت مسلم لگی ن کی ہوگی : شہباز شریف

عوام کا موڈ بتا رہا ہے آئندہ حکومت مسلم لگی ن کی ہوگی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا موڈ بتا رہا ہے کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔ مختلف صوبوں میں نواز شریف کا والہانہ استقبال اور بڑے عوامی اجتماع مسلم لیگ (ن) سے عوام کی محبت کے ساتھ ساتھ زرداری اور ان کے ٹولے کی پانچ سالہ لوٹ مار سے نفرت اور بیزاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہباز شریف مسلم لیگی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ برسر اقتدار آکر سب سے پہلے کراچی میں لاہور کی طرز پر میٹرو بس سروس تعمیر کرے گی جس کے بعد اس مقصد کے لئے راولپنڈی، فیصل آباد اور پاکستان کے زیادہ آبادی والے دوسرے شہروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں ملک کے سب سے بڑے صوبے میں عوامی خدمت کے عدیم المثال منصوبے بنانے اور ان کو مکمل کرنے کی توفیق دی اور آج دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں کی تحقیقاتی رپورٹوں میں ان فلاحی منصوبوں کو ترقی یافتہ ممالک کے عوام کے لئے رول ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ نواز شریف کی وزیراعظم کے طور پر حکومت اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے گذشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں اپنی کامیابیوں کو انتخابات کے دوران عوامی عدالت میں گواہ بنا کر پیش کریں گے اور عوام خالی دعوے اور کھوکھلے وعدے کرنے والوں کو ٹھکرا دیں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومتوں کے خاتمے کے موقع پر عوام نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے طرز حکومت کا فرق اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے۔ ایک طرف وفاق اور دوسرے صوبوں میں جاتے جاتے سرکاری خزانے سے اربوں روپے کی لوٹ مار جاری تھی، تاحیات مراعات لی جا رہی تھیں اور دوسری طرف ہم پنجاب کے عوام کو راولپنڈی کارڈیالوجی ہسپتال، میٹرو بس سروس اور سولر لیمپس کے تحفے دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے خوف نے ہمارے مخالفین کی زبانیں بند کر دی ہیں اور وہ اب میٹرو بس، لیپ ٹاپ اور آشیانہ سکیم جیسے عوامی فلاح کے منصوبوں پر تنقید سے گریز کرنے لگے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیںکہ اس تنقید کرنے کا مطلب ان لاکھوں کروڑوں عوام کی نفرت کا نشانہ بننا ہے جو ان فقیدالمثال عوامی فلاحی منصوبوں سے براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔