عاصمہ جہانگیر گروپ کے فضل حق عباسی سپریم کورٹ بار کے صدر، چودھری مقصود سیکرٹری منتخب
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے فضل حق صدر منتخب ہو گئے۔ فضل حق نے حامد خان گروپ کے عبدالستار خان کو شکست دی۔ عاصمہ جہانگیر گروپ نے انتخابات میں حامد خان گروپ کو پانچویں بار شکست دی۔ نومنتخب صدر فضل حق عباسی نے کہا کہ جیت پر اللہ کا شکر گزار ہوں، جمہوریت کی بالادستی کیلئے کام کریں گے، دھرنوں کی سیاست کا مخالف ہوں، پارلیمنٹ جوڈیشل کمشن میں وکلا کی نمائندگی بڑھائے۔ چودھری مقصود احمد جنرل سیکرٹری کے عہدے پر کامیاب ہوئے۔ لاہور سے فضل حق عباسی نے 467اور عبدالستار خان نے 395ووٹ حاصل کئے۔ کراچی میں مقابلہ کانٹے دار رہا۔ فضل حق عباسی کو 128اور عبدالستار خان کو 125ووٹ پڑے۔ ملتان میں فضل حق عباسی کو 76اور عبدالستار خان کو 67ووٹ ملے۔ پنجاب کی نائب صدر کی سیٹ پر شاہ عباس اقبال میاں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ خیبر پی کے سے سید سردار حسین نائب صدر منتخب ہو گئے جبکہ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر انوار احمد شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے ثناء اللہ زاہد کو برتری حاصل ہے۔ الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی 14 نشستوں کیلئے بھی انتخابات مکمل ہو گئے۔ پشاور میں فضل حق دوسرے نمبر پر رہے۔ فضل حق عباسی نے کل 1009ووٹ لئے۔ عبدالستار خان 961ووٹ لے سکے۔ دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار افضل حق عباسی کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔