لاہور اور پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کرایوں میں 8 فیصد تک کمی کا اعلان
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر لاہور اور پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مال برداری کے کرایوں میں 6 سے 8 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔ سرکاری سطح پر پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے آفس میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں اور ٹرانسپورٹ افسروں کا مشترکہ اجلاس آج 9 بجے ہوگا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت علی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت علی سے ملاقات کی۔ وفد میں پنجاب کے صدر ذوالفقار علی چودھری، سیکرٹری جنرل طارق نبیل، ملک نصیر، سیٹھ عبدالستار اور میاں نعمان شامل تھے۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو سراہتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت علی سے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے سب سے زیادہ ٹرانسپورٹ سیکٹر متاثر ہوتا ہے۔ مہنگائی کے باعث فاقہ کشی کی نوبت آ پہنچتی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچیں گے۔ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ذوالفقار چودھری اور طارق نبیل نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی خواہش پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 8 فیصد تک کمی کا اعلان کیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کی توگڈز ٹرانسپورٹرز کرایوں میں مزید کمی کی نوید سنائیں گے۔کراچی سے نوائے وقت نیوز کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان کے مطابق کراچی سے لاہور تک کرائے میں 5 ہزار روپے کمی کر رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اقدام قابل ستائش ہے۔ دریں اثناء ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کرایوں کے معاملے پر اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ لاہور ٹرانسپورٹرز نے انٹر سٹی کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔