بلاول بتائیں بیرون ملک پراپرٹی ٹیکس گوشوارے میں کیوں ظاہر نہیں کی: نثار
اسلام آباد + کراچی (این این آئی+صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کے سوا کچھ کام ہی نہیں کیا وہ کرپشن کرپشن کی باتیں کررہے ہیں، کوئی بلاول بھٹو سے پوچھے کہ بیرون ملک جو بے شمار پراپرٹی ان کے والد، والدہ اور ان کے اپنے نام ہے اس کا ٹیکس ریٹرن کیوں نہیں ہے، وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد افغان مہاجرین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریںگے، افغان مہاجرین کا مسئلہ انتہائی سنجیدہ ہے، نیشنل پالیسی بنائیں گے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی پاکستان کے حوالے سے ہربات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ پنجاب ہائوس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر وزیر داخلہ نے کہاکہ کراچی آپریشن کا کپتان وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ اور کوئی نہیں ہوسکتا وفاقی حکومت کو صوبوں میں مداخلت کا اختیار نہیں وہ براہ راست کوئی انکوائری نہیں کرسکتی کراچی آپریشن کے حوالے سے وفاقی حکومت مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔ کراچی میں جرائم کو روکنے کیلئے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔ کراچی کے حوالے سے ماہانہ اجلاس کی تجویز بھی زیرغور ہے۔ تحفظ پاکستان ایکٹ میں توسیع کیلئے جماعتوں سے مشاورت جاری ہے پاکستان میں رہنا ہے تو انہیں مہاجرین کے رولز کو فالو کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جعلی شناختی کارڈوں کی تعداد لاکھوں میں نہیں بلکہ ہزاروں میں ہیں۔ بلاول بھٹو کی طرف سے کرپشن کی تحقیقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ وہ لوگ کرپشن کے خلاف درس دے رہے ہیں جن کے خلاف کرپشن کے کیسز ہیں سرے محل کی ملکیت کا اس وقت تک انکار کرتے رہے جب تک کیس برطانوی عدالت میں نہیں گیا مگر پھر مان لیا کہ سرے محل انہی کا ہے میں حیران ہوں کہ بلاول بھٹو کیسی باتیں کررہے ہیں دبئی میں وہ جس گھر میں رہتے ہیں وہ کروڑوں کا ہے اور اس کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ پانامہ لیکس پر شور کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں کوئی بلاول بھٹو سے یہ پوچھے کو جو بے شمار پراپرٹی ان کے نام ، ان کے والد اور والدہ کے نام ہے اس کاٹیکس ریٹرن کیوں نہیں ہے؟ امجد صابری اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء پر روزانہ کی بنیاد پر کام ہورہا ہے خالد شمیم کی ویڈیو کی وفاقی رپورٹ آچکی ہے پنجاب سے رپورٹ کا انتظار ہے کیونکہ وہ اڈیالہ جیل سے ہے انہوں نے کہاکہ نیب آئینی ادارہ ہے جوکرپشن اور دیگرمعاملات کی تحقیقات کرتا ہے۔ یہ حکومت کا کام نہیں ۔ صباح نیوز کے مطابق چودھری نثار نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان شہریوں نے رضاکارانہ طور پر اپنی تفصیلات دے دیں انہیں مہاجرین کا درجہ دے دیا جائے گا۔ انتقامی سوچ رکھنے والے سمجھیں تحقیقات حکومت نہیں نیب کرتی ہے۔ وزیراعظم خود اس حوالے سے متفق ہیں کہ پاناما پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ جنھوں نے ملک لوٹا وہ کیسے ایمانداری کا راگ الاپ رہے ہیں۔ الزامات لگانے والوں سے یہ تو پوچھیں کہ سرے محل کس کا ہے؟ بلاول بھٹو کے والد، پھوپھی اور دیگر شخصیات کے اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔ بلاول سے پوچھے کہ کیا کبھی انہوں نے ان اثاثوں کا کوئی ٹیکس دیا؟ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی ایران میں موجودگی کی تمام تفصیلات مل گئیں ایران نے کلبھوشن کے ساتھی کی بھی معلومات فراہم کی ہیں ایران نے دونوں کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات دی ہیں، پاکستان کے حالات کی خرابی میں بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعتیں ملوث ہیں۔ مریم نے کسی اجلاس کی صدارت کی نہ ہی سیاست میں آئی ہیں سفیر مریم نواز سے وزیراعظم کے خاندان کی ممبر کی حیثیت سے ملتے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ دریں اثنا مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے وزیر داخلہ کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے بلاول کے خاندان کا ضیا دور سے احتساب ہو رہا ہے۔ چودھری نثار لیگی حکومت گرانے میں ہراول دستے کاکردار ادا کر رہے ہیں۔ چودھری نثار نواز حکومت کے باغیوں کے سپہ سالار ہیں۔ آصف زرداری نے نوازشریف کے انتقام کے باعث جیل کاٹی۔ نواز شریف احتساب نہیں انتقام لیتے رہے۔ ہمیں عدالتوں میں بھیجنے والے خود ملک سے بھاگ گئے۔