سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) چیف جسٹس سپریم کورٹ نے سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ ایس ایس پی سائوتھ فاروق احمد کے تبادلے کا حکم واپس لینے پر سندھ حکومت سے جواب طلب کر لیا گیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ کو 4 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دریافت کیا گیا ہے کہ اویس شاہ کے اغوا پر ایس ایس پی کو ہٹانے کا حکم دیا گیا، وہ کیسے بحال ہوئے۔ ایک کاروباری شخصیت کے فرنٹ مین کی سندھ پولیس میں مداخلت کی خبر کا نوٹس لیا گیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے جسٹس امیر ہانی مسلم کے نوٹ کو پٹیشن میں تبدیل کردیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے اپنے نوٹ میں لکھا تھا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت کراچی بدامنی کیس کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔