اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن: مسلم لیگ ن کے 21‘ تحریک انصاف کے 17 چیئرمین یو سی کامیاب‘ 12 آزاد جیت گئے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات گزشتہ روز ہوئے۔ 50 یونین کونسلوں کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے 21 امیدوار، پاکستان تحریک انصاف کے 18 جبکہ 11 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 550 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق آخری اطلاعات تک جنرل کونسلروں کے 102 کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 57 نشستیں جیت لیں۔ مسلم لیگ (ن) کے 20جبکہ 25آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ظفر علی شاہ کو شکست ہو گئی جبکہ انجم عقیل کے بہنوئی کے ہارے جانے کی اطلاع ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اپنی یونین کونسل میں تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں گزشتہ روز ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہی اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ بعض پولنگ سٹیشنوں پر بدنظمی دیکھنے میں آئی اور معمولی تلخ کلامی بھی ہوئی۔ متعدد پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل بروقت شروع نہ ہو سکا، عملہ تھا تو سامان نہیں ، سامان تھا تو عملہ نہیں ، کہیں پولنگ ایجنٹس غائب تھے، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر 7بجے سے پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ گئے مگر کئی پولنگ سٹیشنوں پر عملہ ہی نہیں پہنچ سکا ، کچھ پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ شہر اقتدار کی شدید سردی میں شہری جوش و خروش کیساتھ بڑی تعداد میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتے رہے۔ پولنگ کا وقت شروع ہو تے ہی سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب فتح محمد جی 6میں قائم پولنگ سٹیشن کا دورہ کرنے پہنچ گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 625 فوجی جوان اور رینجرزکے 700 اہلکار کوئیک رسپانس فورس کے طورپرالرٹ رہے ، جبکہ رینجرز کے دستے پولنگ سٹیشنز کے ارد گرد وقفے وقفے سے گشت بھی کرتے رہے۔ 50 یونین کونسلوں میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا، پولنگ شروع ہوتے ہی انتہائی جوش و خروش دیکھا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ سٹیشنوں کا رخ کیا۔ پولنگ کے روز وزارت داخلہ نے عام تعطیل کا تو اعلان نہیں کیا تاہم تعلیمی اداروں میں مکمل جب کہ سرکاری دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی رہی اور سرکاری ملازمین نے دوپہر 2 بجے کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ مجموعی طور پر پولنگ کا عمل انتہائی پر امن رہا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں اقلیتوں کی نشست پر 9امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔ بلامقابلہ کامیاب ہونے والے 9 اقلیتی امیدوار یونین کونسل 6، 11، 17، 19، 23، 34، 36، 45 اور 48 سے منتخب ہوئے جبکہ یونین کونسل 8،16 اور 23 سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر 3 خواتین امیدوار منتخب ہوئیں۔یونین کونسل 8، 16، 33، 46 اور 50 کے مختلف وارڈزسے 5 جنرل کونسلر بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔ یونین کونسل50 گولڑہ کے وارڈنمبر6 سے مسلم لیگ ن کے لیاقت علی ،یونین کونسل45 بڈھانہ کلاں سے اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے راجیش کمار منتخب ہوئے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پرامن ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے سیکرٹری الیکشن کمشن بابر بعقوب نے کہا پولنگ بروقت شروع ہوئی ہر جگہ پریذائیڈنگ افسران اور عملہ وقت پر پہنچا امن و امان سے متعلق بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی خشک رنگ اور سٹمپس کی شکایات پر تحقیقات کی جائیں گی تین دسمبر کو ڈی آر او کی جانب سے نتیجہ الیکشن کمشن کو موصول ہو گا گوگل میپ پر پولنگ سٹیشنز لنک کرنے کا تجربہ کامیاب رہا تو دائرہ کار وسیع کریں گے۔ بیلٹ پیپرز پر پرنٹنگ میں کوئی غلطی نہیں تھی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کے ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات مجموعی طور پر پرامن ماحول اور شفاف انداز میں منعقد ہوئے، کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، چند معمولی شکایات موصول ہوئیں، جنہیں موقع پر نمٹا دیا گیا، انمٹ سیاہی کے حوالے سے بہت شکایات آئی ہیں، پی سی ایس آئی آر سے بازپرس کریں گے۔ انہوں نے کہا بعض جگہوں پر عملہ وقت پر پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوا جبکہ بعض جگہوں سے اطلاعات ملیں کہ پولنگ ایجنٹس نے پولنگ رکوائے رکھی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میئر کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار ظفر علی شاہ کو شکست ہو گئی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے ظفر علی شاہ کو یوسی 30 سے ہرا دیا ہے۔ ظفر علی شاہ کی سیاست اب ختم ہو گئی۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ظفر علی شاہ نے کہا کہ جیتوں یا ہاروں میری سیاست کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ شکر ہے عمران خان کی پارٹی کہیں تو جیتی۔ علاوہ ازیں کھلاڑیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسی 50 میں انجم عقیل کے بہنوئی کو ہرا دیا۔ علاوہ ازیں یوسی 40 کی تمام وارڈز پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہو گئے۔ یوسی 40 سے تحریک انصاف کے علی اعوان چیئرمین منتخب ہو گئے۔ علاوہ ازیں یونین کونسل 23 کری میں قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر کے کزن جمیل کھوکھر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو شکست دے کر چیئرمین یونین کونسل منتخب ہو گئے۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اپنی یونین کونسل میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آزاد امیدوار جمیل کھوکھر کامیاب ہوئے۔ آئی این پی کے مطابق یونین کونسل 25 سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے بھتیجے عتیق خٹک پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 1224 ووٹ حاصل کئے اور اپنے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار کو شکست دی۔ ادھر مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے انجم عقیل کے بہنوئی بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر اور اسلام آباد کی یونین کونسل 30 سے شکست کھانے والے ظفرعلی شاہ نے کہا ہے کہ ان کے خلاف پارٹی کے اندر سے سازش ہوئی۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے سازش نہیں کی۔ ادھر یو سی 37 اور 38 میں پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا۔ پی ٹی آئی کے تمام امیدوار جیت گئے۔ صباح نیوز کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے سرکاری طور پر نتائج کا اعلان 3 دسمبر کو کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پولنگ کا وقت ختم ہونے تک کل 51 معمولی نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کے مطابق کمشن کے مرکزی دفتر میں قائم شکایات سیل میں کل 51شکایات موصول ہوئیں، جو زیادہ تر معمولی نوعیت کی اور انتخابی پراسیس سے متعلق تھیں۔ علاوہ ازیں یونین کونسل 19 ماڈل گرلز کالج برائے خواتین کے پولنگ سٹیشن پر الیکشن کمشن کی جانب سے فراہم کردہ انک پیڈ ہی خشک نکلا۔ خشک پیڈ کے باعث انتخابی عملے اور ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کا انوکھا جیالا سامنے آ گیا، یو سی 42 میں پیپلز پارٹی کا کوئی امیدوار نہ ہونے پر ووٹرز نے بیلٹ پیپرز پر اپنی قلم سے ’’تیر‘‘ کا نشان بنا کر اس پر انگوٹھا لگا کر اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ آن لائن کے مطابق بعض سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی اور ناکامی سے متعلق کروڑوں روپے کی سٹے بازی کا انکشاف ہوا ہے۔ آن لائن کے مطابق یو سی 30 میں پولنگ بوتھ کے باہر بیٹیوں اور ماں کے درمیان ووٹوں پر لڑائی ہو گئی، ماں باپ کے کئے وعدے اولاد نے ڈھیر کرتے ہوئے اپنی مہریں بلے پر ثبت کر دیں۔ آئی این پی کے مطابق پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدارانہ قرار دے دیا، پولنگ ایجنٹس کی اکثریت نے کہا ہے کہ پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں شفاف اور غیر جانبدارانہ رہا۔