ظالم حکمرانوں کا یوم آزادی کا تحفہ/ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے

خبریں ماخذ  |  خصوصی رپورٹر
ظالم حکمرانوں کا یوم آزادی کا تحفہ/ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے

لاہور ‘ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر‘ آئی این پی) سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالم حکمرانوں کا یوم آزادی کا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے بچانے کیلئے تحریک آزادی جیسی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ورنہ حکمران ملک کو بیچ کر بھاگ جائیں گے، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی نے غریبوں کو مسائل اور کفن کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اب وقت آ گیا ہے حکمران ملک و قوم پر رحم کریں اور فوری اقتدار چھوڑ دیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے عمران خان، جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی نے کہا پیپلز پارٹی ملک وقوم کی دشمن بن چکی ہے۔ منور حسن نے کہا روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کرنیوالی پیپلز پارٹی نے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ فضل الرحمن نے کہا لگتا ہے حکمران قوم کوووٹ دینے کی سزا دے رہے ہیں۔ احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے کہا ملک پر قابض زرداری ٹولہ مسلسل عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہا ہے۔ حامد ناصر چٹھہ، میاں محمد آصف نے کہا حکومت فوری طور پر اس اضافے کو واپس لے ورنہ بھرپور احتجاج کیا جائیگاسمیع الحق، رحمت وردگ نے کہا جب تک آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات حاصل نہیں کی جاتی ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کے سیلاب آتے رہیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا قوم کو چاہئے وہ رمضان المبارک میں اللہ سے حکمرانوں کی نجات کی دعا کریں۔ پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، خواجہ محمود احمد، عارف سندیلہ اور حاجی حنیف نے کہا حکمران عوام کو بے موت مارنے پر تل گئے ہیں۔