حکمرانوں کی ناکامیوں‘ کرپشن نے ملک اور جمہوریت کو بدنام کیا: نوازشریف

حکمرانوں کی ناکامیوں‘ کرپشن نے ملک اور جمہوریت کو بدنام کیا: نوازشریف

مری(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناکامیوں اور کرپشن نے ملک اور جمہوریت کو بدنام کیا ہے۔حکمران آئین اور قانون پر عملدرآمد کیلئے تیار نہیں صرف اپنی من مانی کررہے ہیں جس سے ادارے کمزور ہو رہے ہیں۔کرپشن ختم ہو گی تو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی کسی حل کی جانب جائیگا۔لوڈ شیڈنگ نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اوربیروزگاری بھی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی سیاست غریب عوام کے مسائل کے حل‘ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہے۔ وہ منگل کو مری میں مسلم لیگ (ن) منڈی بہاﺅالدین سے تعلق رکھنے والے چوہدری ظفر اقبال سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ میاں نوا زشریف نے کہا کہ آج ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ‘ مہنگائی‘ بیروزگاری اور دیگر مسائل کی وجہ سے ہر پاکستانی پریشان ہے مگر حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے چار سالوں میں کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا۔جتنی کرپشن موجودہ حکومت میں ہوئی ہے ساٹھ سالوں میں اس کی مثال نہیں ملتی اور آج بھی حکمران کرپشن کے خاتمے اور اپنی اصلاح کرنے کیلئے تیار نہیں بلکہ غیرآئینی کاموں کو ترجیح دیتے ہیں۔